دورانِ ڈکیتی 2 شہریوں کا قتل؛ سزائے موت کا مجرم لاہور ہائیکورٹ سے بری

ٹرائل میں پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر کو پیش نہیں کیا گیا، وکیل کے دلائل


ویب ڈیسک September 08, 2026

لاہور:

ہائیکورٹ نے ڈکیتی کے دوران 2 شہریوں کو قتل کرنے والے سزائے موت کے مجرم نواز عرف بھالی کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسے بری کردیا۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مجرم کی سزائے موت کے خلاف اپیل پر فیصلہ سنایا۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم نواز عرف بھالی نے دوران ڈکیتی ظفر اللہ اور عمر حیات کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ تھانہ ننکانہ صاحب پولیس نے 2018 میں دونوں شہریوں کے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔

ملزم نواز کی جانب سے عثمان نسیم ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزم کے وکیل کے مطابق ٹرائل کورٹ نے 2023 میں نواز عرف بھالی کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا، جس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔

عثمان نسیم ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کے دوران پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر گواہ کو پیش نہیں کیا گیا۔ ملزم کے وکیل نے یہ بھی مؤقف اپنایا کہ مقتولین کا پوسٹ مارٹم تاخیر سے ہوا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے مجرم کو بری کرنے کا فیصلہ سنادیا۔