میر رضا قتل کیس؛ مظاہرین کیخلاف مقدمے پر عدالت نے حکم امتناع جاری کردیا

عدالت نے فیروز آباد پولیس کو درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا حکم دے دیا


کورٹ رپورٹر September 08, 2026
(فوٹو: اے آئی)

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے میر رضا قتل کیس پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف مقدمے پر حکم امتناعی جاری کردیا۔

عدالت نے فیروز آباد پولیس کو درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

وکیل صفائی وجیہہ ندیم نے عدالت کو بتایا کہ یہ پرامن احتجاج کرنے والے لوگ ہیں۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کرنا بدنیتی پر مبنی ہے، جبکہ فیروز آباد پولیس نے 20 نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

وکیل صفائی نے بتایا کہ مقدمے میں نامزد 8 درخواست گزاروں نے عدالت سے ضمانت حاصل کرلی ہے۔ پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔

جسٹس سلیم جیسر نے حکم دیا کہ پولیس مزید کسی شخص کو مقدمے میں نامزد نہ کرے۔ عدالت نے درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔