راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن، 55 کارکنان زیر حراست

پی ٹی آئی کے متحرک کارکنوں کی گرفتاری کے لیے مزید لسٹیں جاری کردی گئی ہیں، ذرائع پولیس


اسٹاف رپورٹر September 08, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی:

راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے اب تک 55 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد راولپنڈی پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ضلع بھر میں ٹارگٹیڈ کارروائیوں کے دوران 55 کارکنوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کریک ڈاون میں آج مزید تیزی لائی جائے گی، پی ٹی آئی کے متحرک کارکنوں کی گرفتاری کے لیے مزید لسٹیں جاری کردی گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب رہنما پاکستان تحریک انصاف زبیر خان کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا، زبیر خان کے موجود نہ ہونے پر پولیس بیٹے شجاع اور گلی سے سیکورٹی گارڈ کو ساتھ لے گئی۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے  چھاپہ مارا اور گھر کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئی، سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔