زید علی کی ٹک ٹاک لائیو سیشن میں رجب بٹ پر سخت تنقید

سوشل میڈیا کے نمبرز اپنی جگہ، لیکن عزت اس سے کہیں زیادہ اہم ہے، زید علی


ویب ڈیسک September 08, 2026

پاکستانی نژاد کینیڈین کامیڈین اور کانٹینٹ کری ایٹر زید علی نے ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا۔ 

زید علی نے فالوورز اور سبسکرائبرز کی تعداد کو کامیابی کا پیمانہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اصل اہمیت نمبرز سے زیادہ معاشرے میں ملنے والی عزت کی ہے۔

لائیو سیشن کے دوران ایک صارف کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے زید علی نے رجب بٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ گدھا بھی محنت کرکے اپنا نام بناتا ہے، جبکہ رجب بٹ نے کسی چیز کے لیے محنت نہیں کی۔

فالوورز اور سبسکرائبرز کی تعداد کا ذکر کرتے ہوئے زید علی نے تسلیم کیا کہ رجب بٹ کے سبسکرائبرز ان سے زیادہ ہیں اور انہوں نے اس پر انہیں مبارکباد بھی دی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے نمبرز اپنی جگہ، لیکن عزت اس سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

زید علی نے دعویٰ کیا کہ رجب بٹ نے ہمیشہ شارٹ کٹس اختیار کرکے یا کسی بھی طریقے سے زیادہ سے زیادہ نمبرز حاصل کرنے کی کوشش کی اور وہ اس مقصد میں کامیاب بھی رہے، لیکن ان کے مطابق اس کامیابی کے باوجود رجب بٹ عوام میں وہ عزت حاصل نہیں کرسکے جو اصل کامیابی کے لیے ضروری ہے۔

بات چیت کے دوران زید علی نے اپنے بارے میں رجب بٹ کے مبینہ ’لاگر‘ کہنے کے دعوے کو بھی مسترد کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا بنیادی کام کامیڈی ویڈیوز بنانا ہے اور وہ روزمرہ زندگی کی روٹین دکھانے والی ولاگنگ میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

زید علی نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے فالوورز ہمیشہ مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں، جبکہ ان کے بقول رجب بٹ کو اس نوعیت کی اخلاقی حمایت حاصل نہیں۔

واضح رہے کہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے زید علی جنوبی ایشیائی ثقافت پر مبنی مزاحیہ ویڈیوز کے باعث شہرت رکھتے ہیں۔