پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تمام لائسنس ہولڈرز، ٹیلی کمیونیکیشن ایکوپمنٹ کے مینوفیکچررز اور درآمد کنندگان کیلئے ٹیلی کمیونیکیشن ایکوپمنٹ کے معیارات سے متعلق ضوابط کا اطلاق کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ایکٹ 1996 کی دفعہ 28 کے تحت وفاقی حکومت کی منظوری سے ٹیلی کمیونیکیشن ایکوپمنٹ کے معیارات سے متعلق ضوابط 2024 کو گزٹ آف پاکستان ( ایس آر او 1110(I)/2026 کے ذریعے نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔
یہ ضوابط پی ٹی اے کے تمام لائسنس ہولڈرز، ٹیلی کمیونیکیشن ایکوپمنٹ کے مینوفیکچررز اور درآمد کنندگان پر لاگو ہوں گے یہ ضوابط درآمد کنندگان، لائسنس ہولڈرز، مینوفیکچررز، وینڈرز اور صنعت کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد وضع کیے گئے ہیں۔
ان ضوابط کے تحت مختلف ٹیلی کمیونیکیشن ایکوپمنٹ کے معیارات اور جانچ کا طریقہ کار متعین کیا گیا ہے جن کا مقصد عالمی معیارات سے مطابقت، باہمی ہم آہنگی، خدمات کے اعلیٰ معیار، مقامی مینوفیکچرنگ اور ملکی معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق تمام ٹیلی کمیونیکیشن ایکوپمنٹ، خواہ مقامی سطح پر تیار کردہ، درآمد کیے گئے ہوں یا نیٹ ورکس میں نصب اور زیرِ استعمال ہوں، مقررہ تکنیکی معیارات کی پابندی کے تابع ہوں گے۔ ان معیارات میں الیکٹرومیگنیٹک کمپیٹیبلٹی(ای ایم سی) ریڈیو فریکوئنسی، صحت و تحفظ اور دیگر قابلِ اطلاق تکنیکی خصوصیات شامل ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایکوپمنٹ کی درآمد، تنصیب یا عملی استعمال سے قبل پی ٹی اے سے سرٹیفکیٹ آف کمپلائنس حاصل کرنا لازمی ہوگاپی ٹی اے ٹیکنالوجی کے فروغ اور مسابقتی ٹیلی کمیونیکیشن ایکو سسٹم کی ترویج کے لیے پرعزم ہےیہ ضوابط پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔