توقع ہے 27 ستمبر کے مارچ میں جے یو آئی اور جوائنٹ اپوزیشن شامل ہونگے، بیرسٹر گوہر

27 ستمبر کا مارچ پُرامن ہوگا اور یہ صرف  انصاف مارچ ہوگا، تمام اپوزیشن جماعتوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے


کورٹ رپورٹر September 09, 2026
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر پشاورہائیکورٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے (فوٹو : ایکسپریس)

پشاور:

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا مارچ پُرامن ہوگا اور یہ صرف  انصاف مارچ ہوگا، تمام اپوزیشن جماعتوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے اس میں نہ تو انتشار ہوگا اور نہ  سرکاری وسائل استعمال ہوں گے۔

پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبے آزمائشی طور پر نہیں بننے چاہئیں، صوبوں کے حوالے سے جلد بازی سے کام نہیں لینا چاہیے ایسے اقدامات نہیں ہوں جس سے وفاق کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبوں  کے حوالے سے جو بیان دیا اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ہماری کور کمیٹی اور پولیٹکل کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا ہے، وزیراعلی پنجاب سے ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے الفاظ واپس لے لیں، پاکستان کا بیانیہ یہ ہے دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان اور را ہے ہم یہی کہتے ہیں کہ پاکستان کے دشمن کو سپورٹ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی اور سیاسی بیانات اپنی جگہ رکھیں، ملک کا امن و امان سب سے مقدم ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا کو سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ میں جو پذیرائی ملی ہے اس سے ہمارا حوصلہ بڑھا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام اب اسٹیٹس کو سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کو پُرامن مارچ ہوگا یہ شوقیہ مارچ نہیں ہوگا اس میں انتشار نہیں ہوگا، سرکاری وسائل استعمال نہیں ہوں گے ہمارا لانگ مارچ پُرامن ہوگا ہم ثابت کریں گے کہ ہم پُرامن لوگ ہیں ہم توقع کرتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن اور تمام جوائنٹ اپوزیشن ہمارے ساتھ 27 ستمبر مارچ میں شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عوام جمہوری طرز پر تبدیلی چاہتے ہیں جس میں تمام لوگوں کے حقوق محفوظ ہوں، نئے الیکشن ہوں صلح حدیبیہ کی طرح  صلح پاکستان  ہونا چاہیے جس میں سب کے حقوق محفوظ ہوں، تمام اسٹیک ہولڈرز اس میں شامل ہوں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید  کہا کہ عوام اب سیاسی تناؤ اور تقسیم سے بیزار ہوچکے ہیں، صوبے آزمائشی طور پر نہیں بننا چاہییں،امریکا میں 150 سال سے 52 اسٹیٹ ہیں مگر 5 گنا آبادی بڑھی ہے، بھارت میں اتر پردیش میں 25 کروڑ آبادی ہے، پورے پاکستان کی آبادی سے زیادہ ہیں۔