نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب چائے کے ہوٹل پر لوٹ مار کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک راہگیر اور ڈاکوؤں کا ایک اپنا ساتھی زخمی ہوگئے، واردات میں ملوث ڈاکو شہریوں کے موبائل فون اور نقدی لیکر فرار ہوگئے۔
بلال کالونی کے علاقے نارتھ کراچی دومنٹ چورنگی کے قریب ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے مسلحہ ڈاکوؤں نے لوٹ مار شروع کر دی، کچھ شہریوں نے ڈاکووں کو پکڑنے کی کوشش کی جس میں انہوں نے فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے ایک راہگیر زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آکر ان کا اپنا ہی ایک ساتھی زخمی ہوگیا۔
زخمی ہونے والے ڈاکو نے پیدل ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم شہریوں نے زخمی ڈاکو کو تعاقب کے بعد پکڑ لیا اور متعدد شہریوں نے ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ڈاکو کو شہریوں کے چنگل سے چھڑا کر حراست میں لے کر بلال کالونی تھانے منتقل کیا۔
35 سالہ زخمی ڈاکو کو واقعے کے تقریباً دو گھنٹے بعد پولیس نے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی حالت میں پکڑے جانے والے ڈاکو کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جو بہوش تھا۔
زخمی ڈاکو بیان دینے کے قابل نہیں تھا اور نہ ہی اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز ملی تھی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے جبکہ زخمی ہونے والے شہری کی شناخت 40 سالہ رضا خان ولد صابر خان کے نام سے کی گئی جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔