گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین نے خطے کو پاکستان کے لیے ماڈل بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) گلگت بلتستان کو صوبے بنانے کا مطالبہ کر رہی ہے، اس سے مسئلہ کشمیر کو نقصان نہیں پہنچے گا۔
گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ امجد حسین نے کراچی میں پارٹی کارکنان سے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے جو لوگ سندھ میں آباد ہیں بالخصوص کراچی میں، ان کی آبادی کافی بڑھ چکی ہے۔
امجد حسین نے کہا کہ پی پی پی گلگت بلتستان کے مسائل ضرور حل کرے گی، اگر کسی کو گڈ گورننس دیکھنی ہے تو آئیں، گلگت بلتستان میں دیکھیں، گلگت بلتستان کو پاکستان کے لیے ماڈل بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں رہنے والے گلگت بلتستان کے بھائیوں کے تمام مسائل حل کرائیں گے، کراچی میں موجود گلگت بلتستان کے لوگوں کے لیے زمینوں کی لیز اور قبرستان کے زمین کا مسئلہ بھی حل ہوگا اور سندھ میں ملازمتوں میں بھی آپ کا حصہ دلانے کی کوشش کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی سیاسی تاریخ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نظر آتی ہے،1970 میں بھی پی پی پی نے گلگت بلتستان میں اصلاحات کیں، آصف زرداری نے دیگر صوبوں کی طرح اختیارات دیے اور بلاول بھٹو زرداری نے ابھی گلگت بلتستان میں 28 روز گزارے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار کیا ہوا کہ مرکز میں مسلم لیگ کی حکومت ہے اور گلگت بلتستان میں پی پی پی کی حکومت بن گئی اور مجھے یقین ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں بھی اپنی حکومت قائم کریں گے، پیپلز پارٹی تو قائم ہی پنجاب میں ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پی پی پی صرف سندھ تک محدود نہیں ہے، پی پی پی طویل جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، ہمیں اپنی قیادت پر فخر ہے۔
امجد حسین نے کہا کہ ہم پر ایک شخص کو مسلط کیا گیا جو کہتا تھا میں سیاست دانوں کو نہیں مانتا، آج وہ کہاں چلا گیا۔
مزار قائد پر حاضری
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آذر نے اس سے قبل مزار قائد میں حاضری دی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے مزار پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم نے مزار قائد پر حاضری دی، فخر محسوس ہوتا ہے، بابائے قوم کے مزار پر آج وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حاضری دی ہے، دنیا بھر کے حالات آپ لوگوں کے سامنے ہیں، بھارت میں مسلمانوں کو بیشتر مسائل کا سامنا ہے، ہمارے ملک میں کسی بھی قومیت کو کوئی مسائل نہیں، ہمیں فخر ہے ہمارا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہمیں بحیثیت قوم مل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں جدوجہد کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے، جو وژن قائداعظم نے ہمیں دیا اس کو لے کر آگے بڑھنا ہے، آج کے دن قائداعظم کے مزار پر عہد کرتے ہیں کہ اس پاکستان کو دنیا کا ایک عظیم ملک بنائیں گے، اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہمارے قائد کی مغفرت فرمائے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ ہمارے خطے میں موجود سب سے بڑے گلیشیئرز کو بچانا ہے، آج دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے، اگر ہم نے گلیشیئرز نہیں بچائے تو خشک سالی مزید آئے گی۔
ملک میں نئی صوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے خلاف ہے لیکن گلگت بلتستان میں صوبے کا نعرہ پیپلز پارٹی لگا رہی ہے، پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا جائے، اس سے کشمیر کا معاملہ بھی برقرار رہے گا، بھارت نے دنیا کے قوانین کو توڑا لیکن کسی نے کچھ نہیں کہا۔
وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج روکنے کے لیے جتنی محنت پیپلز پارٹی نے کی اتنی کسی اور نے نہیں کی، یہ جو اتنے دن تاخیر ہوئی اس کی وجہ پیپلز پارٹی ہے، ہم نے ہر فورم پر بیٹھنے کی بات کی لیکن وہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر جماعتوں کے ساتھ نہیں بیٹھنا چاہتے، ہم عوامی مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اور عوام کی خدمت کریں گے۔