کراچی:
محکمہ ٹرانسپورٹ نے لاجسٹکس پارک کے قیام اور 500 الیکٹرک بسز کی خریداری کے منصوبوں کی سندھ کابینہ سے منظوری لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایس ایم ٹی اے بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے میں ماس ٹرانزٹ نظام کی توسیع، جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ، لاجسٹکس پارک کے قیام اور 500 ای وی بسز کی خریداری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ایس ایم ٹی اے بورڈ کے ممبران، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے بہزاد میمن، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اس موقع پر ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق مختلف انتظامی، تکنیکی اور عملی امور، ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی پیش رفت، ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاجسٹکس پارک کے قیام اور 500 ای وی بسز کی خریداری کے لیے ضروری کارروائی مکمل کرتے ہوئے سندھ کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بھی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے لاجسٹکس پارک کا قیام کراچی کے شہریوں کے لیے ایک انقلابی کام ہوگا۔ لاجسٹکس پارک کی تعمیر سے شہر میں ہیوی ٹریفک کا دباؤ بڑے پیمانے پر کم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاجسٹکس پارک کا قیام صوبے میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ شرجیل میمن نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کے حوالے سے ضروری تکنیکی اور انتظامی کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ مزید ای وی بسز آنے سے کراچی کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات مل سکیں گی۔