27 ستمبر؛ پولیس نے ممکنہ پی ٹی آئی  احتجاج سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کردیں

راولپنڈی اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا پلان مکمل


نعیم اصغر September 10, 2026
فائل/فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد:

پولیس نے 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر تیاریاں شروع کردی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا پلان مکمل کرلیا گیا ہے اور پی ٹی آئی کارکنان کی فہرستیں تھانوں کو پہنچا دی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں راستوں کی ممکنہ بندش کے لیے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ بھی شروع کردی گئی ہے، جبکہ احتجاج کے پیش نظر افسران کے تقرر و تبادلے بھی کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دیگر صوبوں سے بھی پولیس کی نفری طلب کی جائے گی۔ مظاہرین کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ واٹر کینن اور ربر کی گولیاں استعمال کی جا سکتی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ریڈ زون کی سیکیورٹی 3 حصار میں تعینات ہوگی۔ آئی جی اسلام آباد نئے کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر سے صورتحال مانیٹر کریں گے۔