کراچی؛ 4 موٹر سائیکل لفٹرز گرفتار، انجنوں سمیت دیگر پارٹس برآمد

ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ اطلاع کی مدد سے عمل میں لائی گئی


اسٹاف رپورٹر September 10, 2026

کراچی:

لانڈھی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 4 موٹر سائیکل لفٹرز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چوری شدہ 3 موٹر سائیکلوں سمیت درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے انجنوں سمیت دیگر پارٹس برآمد کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی پولیس نے سیکٹر پچاس اے میں ایک دکان پر چھاپہ مار کر 4 موٹر سائیکل لفٹرز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے زمان ٹاؤن، الفلاح اور لانڈھی تھانے کی حدود سے چوری شدہ 3 موٹر سائیکلوں سمیت درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے انجنوں سمیت دیگر پارٹس برآمد کر لیے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت عامر ولد محمد یونس، عبدالستار ولد خدا بخش، عابد ولد تاج محمد اور انور ولد اسحاق کے نام سے کی گئی، ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ اطلاع کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل گروہ ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرتے اور ان کو پارٹس میں ختم کرتے تھے، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ موٹر سائیکل چوری کے دیگر واقعات اور گروہ کے ساتھیوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔