کراچی، زیر تعمیر عمارت کے باہر جمع پانی میں ڈوب کر 12 سالہ لڑکا جاں بحق

تین دوست نہا رہے تھے کہ اس دوران پتھر سے چوٹ لگنے کی وجہ سے 12 سالہ ایلیا ڈوب کر جاں بحق ہوا، لاش ورثا کے حوالے


یاسین جبلپوری September 11, 2026

شہر قائد کے علاقے حسن اسکوائر سوک سینٹر کے قریب زیر تعمیر عمارت کے باہر جمع پانی میں 12 سالہ لڑکے کے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بچے کی لاش پانی سے نکال لی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سِوک سینٹر اور ٹاؤن آفس کے درمیان زیرِ تعمیر پلاٹ میں جمع ہونے والے پانی میں 3 دوست نہا رہے تھے دو دوست اپنی مدد آپ کے تحت پانی سے باہر نکل آئے جبکہ 12 سالہ لڑکا نہاتے ہوئے پتھر سے چوٹ لگنے سے ڈوب گیا تھا۔

واقعے کی اطلاع رات 11 بجکر 12 منٹ پر ریسکیو 1122 کو موصول ہوئی تھی، ریسکیو 1122 کی فرسٹ ریسپانس ٹیم فوری موقع پر پہنچی اور 12 سالہ لڑکے کی لاش پانی سے نکال کر ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کی۔

جاں بحق ہونے والے لڑکے کی شناخت 12 سالہ ایلیا ولد انتھونی کے نام سے ہوئی، متوفی بچہ عیسیٰ نگری کا رہائشی تھا۔ متوفی بچے کی لاش علاقہ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ۔