سوراب: مسلح افراد کی فائرنگ، خاران پریس کلب کے صدر محمد عارف کا ایک بیٹا جاں بحق، دوسرا زخمی  

دونوں بھائی دیگر دو دوستوں کے ہمراہ کراچی سے علاج کراکر کوئٹہ آرہے تھے


سردار حمید خان September 11, 2026

بلوچستان کے ضلع سوراب میں بدھ کے روز نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے کی گئی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں خاران پریس کلب کے صدر صحافی محمد عارف کا ایک بیٹا جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب پیش آیا۔ دونوں بھائی دیگر دو دوستوں کے ہمراہ کراچی سے علاج کراکر کوئٹہ آرہے تھے، جاں بحق کی لاش اور زخمی کو قلات اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مقامی لوگوں کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اچانک پیش آیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کے ساتھ ساتھ گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔

پولیس نے جاں بحق زین عارف کی میت لواحقین کے حوالے کر دی ہے، تاحال حملہ آوروں کی شناخت اور فائرنگ کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم سکیورٹی سخت کر کے واقعے کے محرکات معلوم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔