صائم ایوب کو سی پی ایل سے بلا کر کھلانا ٹیسٹ کرکٹ کی توہین ہے، ناصر حسین

صائم ایوب نے اکتوبر 2025 کے بعد کوئی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیلا تھا


اسپورٹس ڈیسک September 11, 2026

صائم ایوب کی مختصر مدت میں کیریبیئن جزائر سے برمنگھم منتقلی بحث کا موضوع بن گئی۔

کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں جمیکا کنگز مین کی نمائندگی کرنے والے صائم ایوب کو پاکستان کے ہنگامی طور پر تبدیل کیے گئے اسکواڈ میں شامل کرکے اوپننگ کے لیے بھیجا گیا لیکن وہ دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے ان کی سلیکشن پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے براہ راست ٹیسٹ میچ میں لانا ٹیسٹ کرکٹ کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ملک میں بلکل مختلف فارمیٹ کھیلنے والے بیٹر کو اچانک انگلینڈ میں انگلینڈ کے بولنگ اٹیک کے خلاف ٹیسٹ میچ کھلانا غلط فیصلہ تھا۔

ناصر حسین نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی کا ماننا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سب سے مشکل فارمیٹ ہے اور اس فارمیٹ میں انگلینڈ کی کنڈیشنز میں اوپننگ کرنا انتہائی مشکل ہے۔

سابق انگلش کپتان نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے وریندر سہواگ جو صائم ایوب سے زیادہ بہتر اور تجربہ کار بلے باز تھے وہ بھی اس گراؤنڈ میں ایسے ہی ایک مرتبہ اچانک ٹیم میں شامل ہوئے تھے مگر دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ صائم ایوب نے اکتوبر 2025 کے بعد کوئی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیلا تھا۔

ناقدین کے مطابق مسئلہ صرف ان کی ناکامی نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا بحران کے دوران عجلت میں کیا گیا انتخاب ہے جس میں تیاری کے بجائے دستیاب تجربے کو ترجیح دی گئی۔