وفاقی حکومت نے سول سرونٹس کی خصوصی پے اسکیلز اور کنٹریکٹ عہدوں سے متعلق پالیسی میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے آفس میمورنڈم جاری کردیا۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ کنٹریکچوئل پوزیشنز کو بھی خصوصی پے اسکیلز سے متعلق پالیسی میں شامل کر لیا گیا، ایم پی ایس ، ،پی پی ایس، اور ایس پی پی ایس کے ساتھ کنٹریکچوئل پوزیشنز بھی پالیسی کا حصہ ہوں گی۔
اوپن مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب سول سرونٹس کو عہدہ سنبھالنے کی اجازت ہوگی، مذکورہ عہدوں پر منتخب سول سرونٹ کو ڈیپوٹیشن پر تصور کیا جائے گا۔
منتخب سول سرونٹس پر ڈیپوٹیشن پالیسی کی شرائط و ضوابط لاگو ہوں گے، سرکاری ملکیت میں اکثریتی حصص اور انتظامی حقوق رکھنے والے ادارے پالیسی میں شامل ہوں گے۔
سرکاری ملکیت سے مراد حکومت کی اکثریتی ملکیت اور انتظامی اختیارات رکھنے والے ادارے ہوں گے، حکومت کی تعریف میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں شامل ہوں گی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کہا کہ نئی شرائط وفاقی حکومت کے سول سرونٹس پر لاگو ہوں گی، وفاقی سول سرونٹس خصوصی پے اسکیلز اور کنٹریکچوئل عہدوں پر وفاقی و صوبائی حکومتوں میں جا سکیں گے۔