کراچی:
شہر قائد میں سچل پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سعدی ٹاؤن روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اصغر اور علی گل کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزم علی گل کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان متعدد سنگین مقدمات میں ملوث اور عادی جرائم پیشہ ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف سکھن، لانڈھی اور سعید آباد تھانوں میں ڈکیتی اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزم اصغر کو تھانے منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی جبکہ کارروائی کی نگرانی ایس ایچ او سچل انسپکٹر اعجاز خان نے کی۔