دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 9 گھنٹے سے بجلی بند، کراچی کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا

بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کے تھری پمپس ہاؤس کی بجلی بند ہوگئی


ویب ڈیسک September 13, 2026

کراچی:

کے الیکٹرک کے سسٹم میں کیبل فالٹ کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ہونے والا بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن تاحال دور نہ ہو سکا، جس کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہے۔

ترجمان کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق اتوار کی صبح 6 بجے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیزز میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کے تھری پمپس ہاؤس کی بجلی بند ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث 21 میں سے 10 پمپس غیر فعال ہوگئے، جس کے نتیجے میں شہر کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی اور اب تک کراچی کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک نے متاثرہ کیبل کو جوڑنے کا کام شروع کردیا ہے جبکہ واٹر کارپوریشن حکام بجلی کی جلد بحالی کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی بحال ہوتے ہی دھابیجی کے متاثرہ 10 پمپس فوری طور پر فعال کردیئے جائیں گے اور شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی کا باکفایت استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر پانی ضائع کرنے سے گریز کریں۔