لاہور؛ زیریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق، والدین کی حالت تشویش ناک

فرانزک ماہرین کے مطابق شبہ ہے کھانے میں چھپکلی گری ہو تاہم تحقیقات جاری ہے


ثاقب سلیم September 13, 2026

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق اور والدین کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ماہرین شبہ ظاہر کیا کہ سالن میں چھپکلی گری ہو۔

پولیس حکام کے مطابق ہربنس پورہ لاہور میں میاں بیوی اور ان کے دو بچوں نے رات کا بچا ہوا کھانا کھایا، جس کے بعد چاروں کی حالت بگڑ گئی اور انہیں اسپتال منتقل کیاگیا۔

پولیس نے بتایا کہ طبی امداد کےدوران دونوں بچے دم توڑ گئے جبکہ والدین کی حالت تشویش ناک ہے، جاں بحق دونوں کی شناخت قدیر اور عاصمہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور فرانزک ماہرین کھانے کے شواہد جمع کر رہے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا ہے، متاثرہ فیملی کے گزشتہ رات کا بنا سالن آلو گوبھی کھایا تھا۔

فرانزک ماہرین نے کہا کہ شبہ ہے کھانے میں چھپکلی گری ہو تاہم ماہرین کی تحقیقات جاری ہے۔