کراچی میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اتوار کو شہر میں گرمی میں مزید اضافہ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری کو عبور کر گیا


اسٹاف رپورٹر September 13, 2026

کراچی:

آج اور کل شہر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے،اتوار کو شہر میں گرمی میں مزید اضافہ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری کو عبور کر گیا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی جاری ایڈوائزری کے مطابق گزشتہ روز چھتیس گڑھ،بھارت پر موجود ہوا کا کم دباؤ اب مدھیہ پردیش اور ملحقہ علاقوں پر موجود ہے جس کے مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے زیرِ اثر پیر اور منگل کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے،آج سے 15 ستمبر کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

 تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں چند مقامات پر درمیانی جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، موسمی پیش گوئی کے مطابق 14 اور 15 ستمبر کے دوران سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، مٹیاری اور جامشورو کے اضلاع میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ گرج چمک کی صورتحال پیدا ہونے اور ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور آندھی کے دوران کمزور تعمیرات، سائن بورڈز اور درختوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اتوار کو کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2-40 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد رہا،سمندری ہواوں کے ساتھ متوازی سمت کی شمال مغربی ہوائیں بھی چلیں ۔