ہیلتھ ایشیا نمائش: شعبہ صحت میں عالمی تعاون اور جدت کا نیا سنگِ میل

ایسے پروگرام پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور ریونیو کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں، شہری


ویب ڈیسک September 14, 2026

23 ویں ہیلتھ ایشیا نمائش کا انعقاد پاکستان کے شعبہ صحت میں عالمی تعاون اور جدت کا نیا سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے بین الاقوامی ہیلتھ ایونٹ 23 ویں ہیلتھ ایشیا انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس کراچی میں منعقد ہوا، جسے ای کامرس گیٹ وے، وزارت قومی صحت و خدمات اور ایس آئی ایف سی کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔

نمائش میں مختلف ممالک سے بین الاقوامی وفود، قونصل جنرلز اور ہیلتھ کیئر کمپنیوں نے شرکت  کی جب کہ وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ہیلتھ ایشیا نمائش کا افتتاح کیا۔

اس دوران مختلف ممالک کی کمپنیوں نے جدید طبی مصنوعات، آلات اور ٹیکنالوجی نمائش کے لیے پیش کی۔ چین، جاپان، کوریا اور تائیوان سمیت مختلف ممالک کے وفود اور جدید طبی مشینری نے ایکسپو کی اہمیت بڑھا دی۔

نمائش میں شریک شہریوں کے مطابق  ہیلتھ ایشیا ایکسپو عوام میں جدید طبی سہولیات اور صحت کے حوالے سے آگاہی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ایسے پروگرام پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور ریونیو کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ہیلتھ سیکٹر میں ایسی سرگرمیاں جدید طبی سہولیات کی پاکستان میں دستیابی اور بیرونِ ملک علاج کی ضرورت کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔