حکومت نے پیٹرول ریلیف کے نام پر عوام کو دھوکا دیا، لیوی بھتے کے خلاف اسلام آباد مارچ ہوگا، حافظ نعیم

اگر حکومت نے لیوی بھتہ ختم نہ کیا تو عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کیلیے تیار رہیں، اپوزیشن جماعتوں کو بھی مارچ کی دعوت


ویب ڈیسک September 14, 2026

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرول ریلیف کے نام پر عوام کو دھوکا دیا، لیوی بھتہ ختم نہ ہوا تو حکمران عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کیلیے تیار رہیں، اسلام آباد کی طرف پیدل مارچ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سمیت ملک بھر میں پٹرولیم لیوی پر بیٹھے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے دھرنے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیس ستمبر کو اسلام آباد مارچ اور کل کراچی ، سترہ ستمبر کو لاہور اور اٹھارہ ستمبر کو مردان اور پشاور میں تاریخی جلسے کیے جائیں گے۔

انہوں نے اپوزیشن سے رابطے جاری رکھنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیاں جاری ہیں اور یہ واضح ہے کہ عوام چاہیے برباد ہوجائیں حکمرانوں کو اس سے کوئی غرض نہیں، تاہم ہم نے اس ظالم نظام کے خلاف تاریخی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ سودی معیشت اور سرمایہ دارانہ نظام نے پوری دنیا کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔ پاکستان کے حکمرانوں نے آج پھر سود کی شرح کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے ان کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے جنگ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سود کی لعنت کے خلاف آواز بلند نہ کرنے والے بھی دراصل حکمرانوں کی خاموش حمایت کررہے ہیں۔ ملک کے ڈھائی کروڑ مزدوروں میں سے 84 فیصد کو بنیادی حقوق تک حاصل نہیں حکمران خاندان بتائیں کہ ان کی ملوں میں کام کرنے والوں کو کتنی سہولیات اور تنخواہ ملتی ہے عوام کے لیے چینی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں چینی مافیا کے لیے درآمد اور برآمد میں منافع ہے ہر پارٹی میں مافیا موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی یہ ہے کہ سیاسی پارٹیوں نے کبھی کسی مافیا اور آئی پی پیز کے خلاف آواز بلند نہیں کی، دراصل مافیاز ان پارٹیوں کا حصہ ہیں ملک میں اشرافیہ کے لیے ہر شہر میں کلب بنے ہوئے ہیں ان کلبوں کو انگریزوں نے اپنے لیے بنایا تھا انگریز چلے گئے اور کلب اس طبقہ کو مل گئے جن کو انگریزوں نے تیار کیا۔ قوم پر مسلط یہ طبقات عوام کے پیسوں سے مراعات اور عیاشیاں جاری رکھے ہوئے ہیں یہ طبقہ عوام کو کسی قسم کی سہولت دینے کو تیار نہیں ان طبقات میں سے ایک شریف خاندان ہے جو پنجاب پر مسلط ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ مریم نواز نے تعلیم کو تباہ کر دیا مراکز صحت اور سکولوں کو فروخت کیا جارہا ہے اس حکمران خاندان نے صوبہ کی زراعت تباہ کردی کسان سے گندم سستے داموں خرید کر اب مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ کے اپنے بچے لندن کے سکولوں میں پڑھتے ہیں اور قوم کے بچوں پر تعلیم کے دروازے بند ہیں تمام تر نااہلی اور کرپشن کے باوجود  ان حکمران خاندانوں کے سرپر اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا عدالتی نظام تباہ ہے چوبیس لاکھ مقدمات زیرالتوا ہیں ، ججز کو بے تحاشا مراعات حاصل ہیں۔