پاکستان کا لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کیلئے مستقل حمایت کا اعادہ

لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا


ویب ڈیسک September 15, 2026
فوٹو: دفترخارجہ

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار سے ملاقات میں لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ  کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اسحاق ڈار اور احمد الحجار کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرا نے سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان قانونی تعاون میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور مشترکہ دفاعی مکہ معاہدہ پر دستخط پر پاکستان کو مبارک باد دی۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔