وزیر اعظم کی مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی بزدلانہ کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت

پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے معاملے میں غیر متزلزل طور پر اور شانہ بشانہ کھڑا ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک September 16, 2026

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی بزدلانہ اور گھناؤنی کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ پر حملے کی کوشش ناقابل معافی اور قابلِ مذمت ہے،  پاکستانی قوم مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر حملے کی کوشش پر شدید رنجیدہ اور مضطرب ہے،  سعودی مسلح افواج کی بروقت کارروائی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی افواج نے فوری اور بہادری سے کارروائی کی، تمام فریقین  تحمل کا مظاہرہ اور کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں،  خطہ پہلے ہی تنازعات سے بہت زیادہ متاثر ہوچکا، ہمیں مزید کشیدگی سے بچنا ہوگا۔

شہباز شریف  نے کہا کہ پائیدار امن کا واحد راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں شانہ بشانہ کھڑا ہے، حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے،  پاکستان حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔