وزیراعظم کا چھوٹے کاروبار کی  معاونت اور عالمی منڈی تک رسائی کیلیے حکمت عملی بنانے کا حکم

چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروبار میں خواتین کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت


ویب ڈیسک September 16, 2026

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے کاروبار کی مالی معاونت اور اس کی عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے جامع حکمت عملی بناے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سمیڈا کو ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد بڑھانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے جامع حکمت عملی مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کو مالی معاونت اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے سمیڈا کی زیر نگرانی جاری اقدامات کا جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت  ہوا، جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ ملک کے طول و عرض میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے سمیڈا جامع حکمت عملی وضع کرے۔

انہوں نے کہا کہ سمیڈا کے ادارہ جاتی مقاصد میں ملک کے تمام علاقوں میں کاروبار کی ترغیب کے ساتھ مساوی سہولیات اور یکساں فنی معاونت کی فراہمی سرفہرست ہونی چاہیے۔ وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروبار میں خواتین کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے سمیڈا کے جاری پروگرام کو مزید وسعت دینے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی کاروباری افراد کی قومی اور عالمی سطح پر تجارتی منڈیوں تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔ وزیراعظم نے سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبوں کو شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زرعی اجناس کے پیداواری اور تجارتی روابط کو منظم کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات پر مشتمل حکمت عملی تیار کرنے کا کہا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد کار میں اضافے اور سہولیات کی فراہمی پر یکساں توجہ دی جائے۔

اس موقع پر اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی تقویت اور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔  علاوہ ازیں چھوٹے کاروبار سے منسلک صنعتی پیداوار کی برآمدات بڑھانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے دنیا کے بہترین رائج طریقوں پر کام کیا جارہا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سمیڈا مختلف متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے ایک مربوط اور جامع حکمت عملی پر کام کررہی ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے شرکت کی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت ہارون اختر، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدیداران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔