’منت‘ فروخت کرنے کے مشورے پر شاہ رخ خان کا دلچسپ جواب

ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع ’منت‘ شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے ایک خاص مقام رکھتا ہے


ویب ڈیسک September 16, 2026

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے مشہور بنگلے ’منت‘ میں جاری تعمیراتی کام سے متعلق مداحوں کو نئی معلومات فراہم کر دی ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر روایتی ’آسک ایس آر کے‘ سیشن کے دوران نہ صرف اپنی فلم ’کنگ‘ پر گفتگو کی بلکہ ’منت‘ کی تزئین و آرائش کے بارے میں بھی بتایا۔

ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع ’منت‘ شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے ایک خاص مقام رکھتا ہے، جہاں ہر سال عید اور سالگرہ کے موقع پر ہزاروں افراد اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے جمع ہوتے ہیں۔ تاہم گزشتہ سال 2 نومبر کو شاہ رخ خان بالکونی میں آ کر مداحوں سے ملاقات نہ کر سکے تھے۔

اسی حوالے سے ایک مداح نے مذاقاً مشورہ دیا کہ اگر اس بار بھی وہ بالکونی میں نہیں آئیں گے تو ’منت‘ فروخت کر دیں۔ اس پر شاہ رخ خان نے دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد نئی بالکونی میں مداحوں سے ملاقات کریں گے۔

اداکار نے بتایا کہ ’منت‘ میں نئی گیلری تعمیر کی جا رہی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ اس مرتبہ وہاں سہارا لینے کے لیے مناسب ہینڈل بھی موجود ہوگا۔ یاد رہے کہ تعمیراتی کام کے دوران شاہ رخ خان اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ قریبی اپارٹمنٹ میں منتقل ہو چکے ہیں۔

کام کے محاذ پر شاہ رخ خان کی آئندہ فلم ’کنگ‘ ہے، جس میں ان کی بیٹی سہانا خان، دیپیکا پڈوکون اور ابھی ورما بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ فلم 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔