کراچی:
شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں جھگڑے کے دوران دوست نے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ، ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے تیسر ٹاؤن گلشن سرجانی گلی نمبر 3 کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں مقتول کی شناخت 45 سالہ سید مشتاق ولد سید رحیم کے نام سے ہوئی۔
ایس ایچ او سرجانی ناصر محمود نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوا ہے مقتول کو اس کے دوست نے فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہوگیا۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ مقتول اور ملزم آپس میں دوست ہیں جو ایک ساتھ بیٹھے ہوئے تھے اور باتی چیت کے دوران کسی بات پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر ملزم نے مشتاق کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
تاہم پولیس مقتول کے اہلخانہ اور عینی شاہدین سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے تاکہ ملزم کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا سکے ۔