لندن: مشرق وسطیٰ میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کم ہونے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق ابتدائی کاروبار میں برینٹ خام تیل کے سودے 1.24 ڈالر یا 1.2 فیصد کمی کے بعد 104.59 ڈالر فی بیرل ہوگئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 1.14 ڈالر یا 1.1 فیصد کم ہوکر 101.29 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
دونوں بینچ مارک بدھ کو بھی تقریباً 3 ڈالر فی بیرل سستے ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمان کے راستے اضافی خام تیل کی کھیپ بھیجنے کی اطلاعات نے مشرق وسطیٰ میں سپلائی کے خدشات کو کچھ کم کیا ہے۔ اس پیش رفت کے باعث سرمایہ کاروں کو عالمی مارکیٹ میں تیل کی دستیابی کے حوالے سے نسبتاً اطمینان ہوا ہے۔
نسان سیکیورٹیز انویسٹمنٹ کے چیف اسٹریٹجسٹ ہیرویوکی کیکوکاوا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمان کے ذریعے تیل کی ترسیل کی خبر کے بعد سپلائی میں ممکنہ کمی کے خدشات کچھ کم ہوئے ہیں۔
دوسری جانب آئندہ ہفتے ہونے والی امریکا اور چین کی سربراہی ملاقات سے قبل مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں پیش رفت کی توقعات بھی تیل کی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔