مغربی ہواؤں کا سلسلہ سندھ پر اثر انداز، کراچی میں بارش سے متعلق نئی پیشگوئی

رات کراچی میں ہونے والی ہلکی تا درمیانی شدت کی بارش کے اعداو شمار بھی جاری کر دیے گئے


آفتاب خان September 17, 2026

کراچی:

سندھ کے بالائی اور وسطی علاقوں پر مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ اثر انداز ہو رہا ہے جس کے تحت آج اور کل کراچی میں موسم جزوی ابرآلود اور مرطوب رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران صبح و رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی یا پھوار ہوسکتی ہے۔

سندھ میں جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، دادو اور جامشورو اضلاع کے چند مقامات پر آج اور کل آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

تھرپار کر اور عمر کوٹ اضلاع کے چند مقامات پر کل گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے رات کراچی شہر میں ہونے والی ہلکی تا درمیانی شدت کی بارش کے اعداو شمار بھی جاری کر دیے جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 5.7 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ گلشن حدید میں 3.5 اور نارتھ کراچی میں 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

شہر کے باقی ماندہ علاقوں میں بارش ملی میٹر کے مقررہ پیمانے سے کم رہی۔