وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم؛ لاہور میں رات گئے پیٹرول پمپس کی چیکنگ، پشاور میں شہریوں کو مشکلات

لاہور میں شہریوں کی سہولت کے لیے پیٹرول پمپس پر پبلک فیسیلی ٹیشن ڈیسک بھی قائم کر دی گئی


ویب ڈیسک September 17, 2026

پشاور/ لاہور:

وزیراعظم فیول ریلیف پیکیج پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے رات گئے لاہور شہر کے پیٹرول پمپس کی نگرانی اور چیکنگ شروع کر دی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور پیرا فورس فیلڈ میں متحرک ہیں، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے پیٹرول پمپس پر پبلک فیسیلی ٹیشن ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے مطابق پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، کسی قسم کی بے ضابطگی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی سبسڈی والے نرخوں پر فراہمی کا باقاعدہ آغاز بھی ہو چکا ہے۔

دوسری جانب پشاور سمیت ملک بھر میں وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم کا باضابطہ اجرا کر دیا گیا ہے۔

پشاور کے شہریوں کو رجسٹریشن کے عمل میں مشکلات کا سامنا ہے، طویل مذاکرات کے بعد پیٹرول پمپ مالکان نے اسکیم کے تحت پیٹرول کی فراہمی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی پیٹرول ریلیف اسکیم اچھی ہے، تاہم اس کا طریقہ کار پیچیدہ ہونے کے باعث پریشانی کا سامنا ہے۔

شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکیم کے نفاذ کو فوری طور پر آسان بنایا جائے۔