امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا حوثیوں کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ واشنگٹن سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خطے کے دیگر متاثرہ فریقوں سے بھی مسلسل رابطے میں ہے۔
رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے حال ہی میں عمان کے دارالحکومت مسقط میں حوثی نمائندوں سے ایک خفیہ ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں حوثیوں نے امریکی بحری جہازوں کو نشانہ نہ بنانے اور 2025 کی جنگ بندی برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے اس مخصوص ملاقات کی تصدیق نہیں کی۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثیوں نے یمن کے بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں نمایاں پیش قدمی کی ہے اور سعودی عرب کے ساتھ لڑائی دوبارہ شدت اختیار کر گئی ہے۔
دوسری جانب حوثیوں کے سیاسی بیورو نے امریکی انتظامیہ کے براہِ راست رابطے کے دعوے کی تردید کی ہے۔