لانگ مارچ مقررہ تاریخ پر ہوگا، پرامن احتجاج کریں گے، بیرسٹر گوہر

پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو لانگ مارچ سے متعلق ہدایات مل چکی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک September 17, 2026

پشاور:

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ لانگ مارچ مقررہ تاریخ پر ہی ہوگا، ہم کوئی شوقیہ مارچ نہیں کر رہے بلکہ یہ انصاف مارچ ہے۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو لانگ مارچ سے متعلق ہدایات مل چکی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ پر پابندی کے باوجود لوگ باہر نکلے تھے۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ اور اراکین اسمبلی کے ساتھ اختیار کیے گئے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کو گاڑی میں بٹھا کر کسی چوک پر چھوڑنا انتہائی نامناسب ہے، دوسرے صوبے میں آنے والے وزیراعلیٰ کی مہمان نوازی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامن احتجاج کریں گے، راستے بند نہیں کریں گے اور اشتعال نہیں پھیلائیں گے۔ ہمارے لوگ نہتے ہوں گے اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ پنجاب کے اراکین اسمبلی سخت حالات میں وزیراعلیٰ کے ساتھ موجود رہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور آئینی عدالت میں گزشتہ روز ہونے والی سماعت پر افسوس ہوا، عدالتیں ایک دوسرے کو کیسز بھیج رہی ہیں، ایسا فیصلہ تو پنچایت بھی کر سکتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک قوت بن کر ابھرا ہے، اب معاشی استحکام بھی ہونا چاہیے، جو سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے سے ممکن ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ مولانا کے ساتھ ملاقاتیں ہوئی ہیں، تاہم لانگ مارچ کی دعوت نہیں دی۔ حکومت کو اسمبلی اور سینیٹ میں جواب دہ ٹھہرانے کے لیے ملاقات کی گئی۔ جماعت اسلامی لیوی اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے آواز اٹھا رہی ہے، ہم ان کے ساتھ ہیں۔