جانی ڈیپ کا فرانس میں منفرد ٹھکانہ، مہنگا ترین گاؤں جو کبھی فروخت نہ ہوسکا

جانی ڈیپ نے فرانس میں چھٹیوں کے لیے محض ایک گھر خریدنے کے بجائے تقریباً 30 ایکڑ پر پھیلا پورا گاؤں ہی خرید لیا


ویب ڈیسک September 17, 2026

ہالی ووڈ اسٹار جانی ڈیپ نے فرانس میں چھٹیوں کے لیے محض ایک گھر خریدنے کے بجائے تقریباً 30 ایکڑ پر پھیلا پورا گاؤں ہی خرید لیا، جسے انہوں نے اپنی پسند اور تخلیقی ذوق کے مطابق ایک خوبصورت نجی ٹھکانے میں تبدیل کردیا۔

جنوبی فرانس میں سینٹ ٹروپے کے قریب واقع اس تاریخی مقام میں رہائشی مکانات کے ساتھ مہمانوں کے لیے کاٹیجز، کیفے، سوئمنگ پول، باغات اور اسکیٹ پارک سمیت کئی منفرد سہولیات موجود ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جانی ڈیپ نے 2001 میں یہ 19ویں صدی کا ویران گاؤں خریدا تھا۔ اس جائیداد کی خریداری پر انہوں نے تقریباً 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز خرچ کیے، جبکہ بعد میں تزئین و بحالی پر مزید تقریباً ایک کروڑ ڈالرز صرف کیے گئے۔

اداکار نے گاؤں کی تاریخی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی عمارتوں کو اپنی مرضی کے مطابق سجایا۔ ہر عمارت کی تزئین میں انہوں نے ذاتی دلچسپی لی اور روایتی فرانسیسی طرزِ تعمیر کو اپنے فنکارانہ انداز کے ساتھ جوڑا۔

اس جائیداد کی خاص باتوں میں ’کیفے مارشلین‘ نامی بائسٹرو اور جانی ڈیپ کے بیٹے جیک کے لیے بنایا گیا اسکیٹ پارک شامل ہیں۔ یہاں ایک پرانی چرچ کی عمارت کو مہمان خانے میں تبدیل کیا گیا، جبکہ چرچ کی ایک پرانی اعترافی نشست کو الماری کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

جائیداد میں ایک ایسی گاڑی بھی موجود ہے جسے غیر معمولی انداز میں ڈھال کر اس کے اندر کچن اور باتھ روم بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘ سے متاثر ایک تھیم والا شراب خانہ بھی اس منفرد مقام کا حصہ ہے۔

یہ گاؤں ماضی میں فروخت کے لیے بھی پیش کیا جا چکا ہے۔ 2015 میں اسے تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز میں فروخت کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم خریدار نہ مل سکا۔ 2021 میں جائیداد کو دوبارہ تقریباً 5 کروڑ 55 لاکھ ڈالرز کی قیمت پر مارکیٹ کیا گیا۔

جون 2024 میں رپورٹس سامنے آئیں کہ جانی ڈیپ نے بالآخر جائیداد کو مارکیٹ سے ہٹا لیا ہے اور اسے فروخت کرنے کے بجائے مزید تزئین و آرائش پر توجہ دے رہے ہیں۔

جانی ڈیپ ماضی کے ایک انٹرویو میں اس گاؤں کی زندگی کو یاد کرتے ہوئے اسے جنت سے تشبیہ دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق پارٹنر وینیسا پیراڈس اور بچوں کے ساتھ وہاں رہتے ہوئے انہیں ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے وہ جنت میں ہوں۔ اداکار نے بتایا تھا کہ وہ اس دوران باغبانی کرتے اور ایک پرسکون زندگی گزارتے تھے۔