دلجیت دوسانجھ نے عالمی موسیقی کے میدان میں پنجابی فنکاروں کے لیے ایک اور نئی تاریخ رقم کردی۔ لندن کے معروف ویمبلے اسٹیڈیم میں مرکزی فنکار کے طور پر پرفارم کرکے وہ اس مقام پر پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بن گئے ہیں۔
اپنے ’اورا ورلڈ ٹور‘ کے دوران پرفارم کرتے ہوئے دلجیت نے مداحوں کو ایک اور خوشخبری بھی سنائی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 21 نومبر 2026 کو بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھی ان کا کنسرٹ ہوگا۔
دلجیت کا موجودہ عالمی دورہ برطانیہ اور یورپ کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔ برطانیہ میں ان کے شوز کا سلسلہ 18 ستمبر کو برمنگھم اور 20 ستمبر کو مانچسٹر میں ہونے والی پرفارمنسز کے ساتھ مکمل ہوگا۔
اس سے قبل گلوکار شمالی امریکا کا کامیاب دورہ بھی کر چکے ہیں، جہاں نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ان کے دو ہاؤس فل کنسرٹس بھی ہوئے۔ اس مقام پر بھی وہ مرکزی حیثیت سے پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بن چکے ہیں۔
دلجیت کے 15 شوز پر مشتمل شمالی امریکا کے دورے کے دوران 2 لاکھ 25 ہزار سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے اور اس سے 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز سے زائد آمدنی ہوئی۔
عالمی سطح پر ان کی کامیابیوں کا سلسلہ یہیں نہیں رکا۔ 2023 میں وہ کوچیلا میوزک فیسٹیول میں مرکزی فنکار کے طور پر پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بنے، جبکہ 2024 میں ’دی ٹونائٹ شو اسٹارنگ جمی فیلن‘ میں پرفارم کرکے پہلے بھارتی فنکار کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
دلجیت دوسانجھ کی مسلسل عالمی پرفارمنسز کے باعث پنجابی موسیقی اور ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر مزید شناخت مل رہی ہے۔