پاکستان کی ماحولیاتی کارکردگی میں بہتری، عالمی درجہ بندی میں 22 درجے اوپ

2026 کے انڈیکس میں پاکستان کا اسکور 29.03 جبکہ بھارت کا 22.46 ریکارڈ کیا گیا


آصف محمود September 18, 2026

پاکستان 2026 کے ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس میں 22 درجے بہتری کے بعد 177 ممالک میں 157ویں نمبر پر آگیا ہے۔

2024 کی درجہ بندی میں پاکستان 179ویں نمبر پر تھا۔ ییل سینٹر فار انوائرنمنٹل لا اینڈ پالیسی کے جاری کردہ انڈیکس کے مطابق بھارت 176ویں نمبر پر ہے۔

2026 کے انڈیکس میں پاکستان کا اسکور 29.03 جبکہ بھارت کا 22.46 ریکارڈ کیا گیا۔ ای پی آئی میں ممالک کی ماحولیاتی کارکردگی کا جائزہ 47 اشاریوں اور 12 ماحولیاتی شعبوں کی بنیاد پر لیا گیا ہے، جنہیں ماحولیاتی صحت، ماحولیاتی نظام کی بقا اور موسمیاتی تبدیلی کے تین بڑے شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صوبائی حکومتوں کی جانب سے ماحولیاتی نگرانی اور آلودگی کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پنجاب میں سموگ سیزن سے قبل صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور دیگر آلودگی کے ذرائع کے خلاف معائنے اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کے اقدامات تیز کیے گئے ہیں۔

پنجاب میں فضائی آلودگی کی نگرانی کے لیے ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور مقامی سطح پر ایئر کوالٹی پیش گوئی کے نظام کو بھی وسعت دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ان نظاموں کے ذریعے آلودگی کے زیادہ شرح والے علاقوں کی نشاندہی اور ماحولیاتی کارروائیوں میں مدد لی جارہی ہے۔

صوبے میں گاڑیوں کے اخراج کی جانچ کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا گیا ہے، جبکہ صنعتی یونٹس اور اینٹوں کے بھٹوں کو ماحولیاتی معیارات اور منظور شدہ ٹیکنالوجی کے مطابق چلانے کے لیے نگرانی کی جارہی ہے۔

پلاسٹک آلودگی کی روک تھام کے لیے ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیوں اور مارکیٹوں و تجارتی علاقوں میں معائنوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ گرین اسکول سرٹیفکیشن سمیت مختلف پروگراموں کے ذریعے تعلیمی اداروں میں ماحولیاتی آگاہی اور عملی اقدامات کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔