ایشیا و بحرالکاہل کے چیف جسٹس صاحبان کی کانفرنس، عدالتی نظام پر تبادلہ خیال

کانفرنس میں ایشیا و بحرالکاہل کے ممالک کی اعلیٰ عدالتی قیادت نے شرکت کی


ویب ڈیسک September 18, 2026

 ایشیا و بحرالکاہل کے چیف جسٹس صاحبان کی 20ویں کانفرنس منعقد ہوئی جس میں عدالتی نظام پر تبادلہ خیال کیا گیا.

سپریم کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی نمائندگی کی.

کانفرنس میں ایشیا و بحرالکاہل کے ممالک کی اعلیٰ عدالتی قیادت نے شرکت کی. کانفرنس میں عدلیہ کے بدلتے کردار، نظامِ انصاف کو درپیش جدید چیلنجز، عدالتی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلۂ خیال کیا گیا.

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی کانفرنس کے موقع پر ترکیہ، آذربائیجان، ملائیشیا، سنگاپور اور جنوبی کوریا کی اعلیٰ عدالتی قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں جس میں عدالتی تعاون، ادارہ جاتی تبادلوں، استعدادِ کار اور جدید عدالتی انتظام کے تجربات کے تبادلے پر گفتگو کی گئی.

ملاقات میں عدالتی انتظام، ڈیجیٹل تبدیلی، نظامِ انصاف میں ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی استعدادِ کار کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی. سپریم کورٹ آف پاکستان اور سپریم کورٹ آف جنوبی کوریا کے درمیان عدالتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر اصولی اتفاق ہوا.

مجوزہ مفاہمتی یادداشت عدالتی تبادلوں، ادارہ جاتی تعاون، مہارت اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے کے لیے باقاعدہ فریم ورک فراہم کرے گی. مجوزہ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان استعدادِ کار بڑھانے کے لیے تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا.

مفاہمتی یادداشت پر چیف جسٹس آف پاکستان کے آئندہ دورۂ جنوبی کوریا کے دوران دستخط متوقع ہیں. جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر بھی دوطرفہ ملاقاتوں کے دوران موجود رہے.