صوابی: درندہ صفت ملزم پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار

کمسن بچی مدرسے سے درس پڑھ کر واپس اپنے گھر جا رہی تھی کہ راستے میں ملزم نے اسے ایک تنگ گلی میں روک لیا


ویب ڈیسک September 18, 2026

سوشل میڈیا پر کمسن بچی کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات کی تصویر وائرل ہونے پر ڈی پی او صوابی وقاص رفیق نے فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔

کمسن بچی مدرسے سے درس پڑھ کر واپس اپنے گھر جا رہی تھی کہ راستے میں ملزم نے اسے ایک تنگ گلی میں روک لیا۔

ملزم نے بچی کو پہلے مبینہ طور پر پیسوں کا لالچ دیں رہے تھے  اور  اسے زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی، جبکہ اس کے ساتھ مبینہ طور پر نازیبا حرکات بھی کیں۔

بچی نے مزاحمت کرتے ہوئے خود کو ملزم کے چنگل سے چھڑا لیا۔ اسی دوران ایک شخص کو اپنی جانب آتا دیکھ کر ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کے باعث بچی ممکنہ مزید نقصان سے محفوظ رہی۔

سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل صوابی کی بروقت نشاندہی اور عوامی تعاون سے پولیس نے ملزم کی شناخت کی اور اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی۔

ڈی ایس پی سرکل ٹوپی نیاز گل خان کی۔قیادت میں ایس ایچ او تھانہ ٹوپی فواد خان معہ پولیس ٹیم نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی تو اس دوران پولیس اور ملزم کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ملزم محمد زیب  زخمی ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔

ڈی پی او صوابی وقاص رفیق نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کمسن بچوں، خصوصاً بچیوں کو ہراساں کرنے، نازیبا حرکات یا جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کا تحفظ اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ایسے حساس نوعیت کے مقدمات میں متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

ڈی پی او صوابی نے سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم کی بروقت نشاندہی اور ملزمان کی گرفتاری میں عوام اور پولیس کا باہمی تعاون انتہائی اہم ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرم کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔