ایرانی پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملہ؛ کشیدگی میں پھر اضافہ

بحری جہازوں کی آمدورفت پر نظر رکھنے والے ادارے نے بھی آبنائے ہرمز میں ایک جہاز پر پرجیکٹائل لگنے کی تصدیق کی ہے


ویب ڈیسک September 18, 2026
امریکا نے آبنائے ہرمز میں 3 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا (اے آئی سے بنوائی گئی تصوراتی تصویر)

ایران کے پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں ٹوگو کے پرچم والے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے اور اس پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ نے جمعرات کی رات ٹرینڈ نامی ٹوگو کے پرچم والے ٹینکر کو نشانہ بنایا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز میں آگ لگنے کے بعد اسے روک لیا گیا اور مبینہ طور پر اس نے آبنائے ہرمز سے غیر قانونی گزرنے کی کوشش کی تھی۔

پاسداران انقلاب کے بحری کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمیٰ نے دعویٰ کیا کہ ٹینکر نے امریکی فوج کی ترغیب پر آبنائے ہرمز سے ایران کے مقرر کردہ راستے کے برخلاف گزرنے کی کوشش کی۔

ایرانی حکام نے واقعے کی مزید تفصیلات، ٹینکر کی درست پوزیشن، استعمال کیے گئے ہتھیار یا جہاز کے عملے کی صورتحال کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کیں۔

برطانوی میری ٹائم ادارے کی رپورٹ

دوسری جانب برطانیہ کے ادارے میری ٹائم ٹریڈ نے جمعہ کو بتایا کہ آبنائے ہرمز میں ایک ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں جہاز پر آگ بھڑک اٹھی تاہم بعد میں آگ بجھا دی گئی۔

یو کے ایک ٹی او نے بتایا کہ یہ واقعہ 18 ستمبر کو پر رپورٹ کیا گیا آئل ٹینکر کو پروجیکٹائل لگا ہے۔ جہاز کا تمام عملہ محفوظ ہے جبکہ واقعے کے ممکنہ ماحولیاتی اثرات کے بارے میں ابھی تصدیق نہیں ہوسکی۔ 

اس سے قبل آبنائے ہرمز میں عمان کے شہر خصب سے تقریباً 16 ناٹیکل میل شمال مشرق میں ایک سکیورٹی واقعے کی بھی اطلاع دی تھی۔

تاہم ادارے نے متاثرہ جہاز کا نام ظاہر نہیں کیا۔ اسی وجہ سے یہ واضح نہیں کہ رپورٹ میں مذکور ٹینکر ہی ایرانی دعوے والا ٹرینڈ تھا یا کوئی دوسرا جہاز ہے۔

برطانوی اداراے نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر تجارتی جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی پہلے ہی شدید متاثر ہے۔

ایران کی جانب سے آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حوالے سے کشیدگی میں ایک اور اضافہ ہے۔

آبنائے ہرمز خلیج فارس سے عالمی منڈیوں تک تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے اہم ترین سمندری راستوں میں شمار ہوتا ہے۔

موجودہ ایران-امریکا جنگ کے دوران اس آبی گزرگاہ میں تجارتی سرگرمیاں نمایاں طور پر کم ہوئی ہیں اور جہازوں کو سکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔