خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری نے تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کے دوران سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں۔
چیف سیکریٹری کے پی نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے اداروں کے سربراہان کو مراسلہ بھیج دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کی طرف مارچ، جلوس یا ریلی میں سرکاری وسائل استعمال نہ کیے جائیں۔
مذکورہ مراسلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تمام اداروں کے سربراہان کو بھیجا گیا گیا اور کہا گیا ہے کہ سرکاری اہلکار ایسے کسی حکم پر عمل نہیں کریں گے جس سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہو۔
چیف سکریٹری نے سرکاری اہلکار کو مجبور کیے جانے کی صورت میں چیف سیکریٹری یا آئی جی پولیس کو فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں تمام انتظامی سیکریٹریز، محکموں کے سربراہان، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسٹریٹ موومنٹ کی شروع کردی ہے، جس کے سندھ اور پنجاب کے دورے کیے اور عوامی اجتماعات منعقد کیے۔