بھارتی چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کا عہدے سے متعلق اہم فیصلہ

اجیت اگرکر نے رواں ہفتے بی سی سی آئی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے


ویب ڈیسک September 19, 2026

بھارتی چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ چیف سلیکٹر کے عہدے پر اپنے موجودہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد توسیع کے لیے درخواست نہیں دیں گے۔ سابق بھارتی آل راؤنڈر نے رواں ہفتے بی سی سی آئی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

کرک انفو کے مطابق اجیت اگرکر نے حالیہ مہینوں کے دوران بھی بی سی سی آئی سے رابطہ کرکے یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ آیا بورڈ چاہتا ہے کہ وہ 2027 کے ورلڈ کپ تک چیف سلیکٹر کے عہدے پر برقرار رہیں یا نہیں۔

جمعے کے روز بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا کہ بورڈ کے پاس اگرکر کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے ابھی کچھ وقت موجود ہے۔

سائیکیا نے بی سی سی آئی کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد ممبئی میں کہا کہ مارے پاس ابھی 15 دن باقی ہیں۔ کرکٹ کی دنیا میں 15 دن بہت طویل عرصہ ہوتا ہے۔ ہم مناسب وقت پر فیصلہ کریں گے۔

اجیت اگرکر نے جولائی 2023 میں چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اپنے دور میں انہوں نے میدان میں بھارتی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بی سی سی آئی اور ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ مل کر مستقبل کے کھلاڑیوں کی تیاری اور جانشینی کا منصوبہ بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

ان کے دور میں بھارت نے دو مرتبہ ایشیا کپ (2023 اور 2025)، 2023 ورلڈ کپ کا فائنل، دو مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ (2024 اور 2026) اور 2025 چیمپئنز ٹرافی جیتی۔