وزیراعظم کی پیٹرول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے مزید اہم فیصلے

اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا


ویب ڈیسک September 19, 2026
فوٹو: اے آئی

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم کی فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے مزید اہم فیصلے کیے گئے اور انٹرنیٹ سے محروم علاقوں میں پیٹرول پمپس پر ایس ایم ایس کے ذریعے ٹوکن کیش کرانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے قومی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں بیشتر پٹرول پمپس فیول سبسڈی اسکیم کے سسٹم پر فعال اور شہری فیول ٹوکن استعمال کر رہے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے لیے ملک بھر میں 9771 پر ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن جاری ہے، انٹرنیٹ سے محروم علاقوں کے پیٹرول پمپس پر ایس ایم ایس کے ذریعے فیول ٹوکن کیش کرانے کی منظوری دی گئی۔

نائب وزیراعظم نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبوں کو انٹرنیٹ سے محروم پیٹرول پمپس کی فہرستیں فوری فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ تین روز میں موصول تمام ادائیگیوں کے دعوے مکمل طور پر نمٹا دیے گئے ہیں، روزانہ موصول ہونے والی ادائیگیوں کے دعووں پر اسی روز کارروائی کی گئی۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ ہر فعال اور کھلے پیٹرول پمپ کو فیول سبسڈی اسکیم کے سسٹم میں شامل کیا جائے اور مستقل بند پیٹرول پمپس اور صرف ڈیزل فروخت کرنے والے پمپس کی نشان دہی کرکے فہرست سے خارج کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ریلیف اسکیم کی کوریج زمینی صورت حال کے عین مطابق ہونی چاہیے، صوبائی انتظامیہ کی کاوشوں اور اسٹیٹ بینک کے تعاون کو سراہتے ہیں، ریلیف بلا رکاوٹ مستحق افراد تک پہنچنا چاہیے۔

اجلاس میں وزیر پیٹرولیم، وزیر اقتصادی امور، وزیر اطلاعات و نشریات، وزیر آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔