سالم اجناس پر مبنی غذا صحت کے لیے مفید قرار

تحقیق میں روزانہ تقریباً 48 گرام ہول گرین کو دل کی صحت سے متعلق متعدد فوائد سے منسلک پایا گیا


ویب ڈیسک September 20, 2026

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ سالم اجناس (ہول گرین) غذاؤں کا استعمال کمر کی چوڑائی اور دل کی صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق روزانہ تقریباً 48 گرام ہول گرین (جو دو بڑے سلائس براؤن بریڈ یا ایک پیالی دلیے کے برابر ہے) کو دل کی صحت سے متعلق متعدد فوائد سے منسلک پایا گیا۔

محققین نے ہول گرین غذاؤں اور قلبی صحت سے متعلق دستیاب تحقیق کا جائزہ لیا جس میں 87 کلینیکل ٹرائلز بھی شامل تھے۔ ہول گرین سے مراد ایسی غذائیں ہیں جن میں اناج کے تمام بنیادی حصے برقرار رہتے ہیں۔

تحقیق میں براؤن یا ہول گرین بریڈ کے علاوہ اوٹس، ہول ویٹ پاستا اور براؤن رائس کو بھی ہول گرین غذاؤں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سفید چاول اور عام پاستا اس کے متبادل کم صحت بخش آپشنز سمجھے جاتے ہیں۔

نتائج کے مطابق روزانہ 48 گرام ہول گرین استعمال کرنے سے دل کی صحت میں بہتری کے آثار دیکھے گئے۔ تاہم، 60 سے 100 گرام روزانہ استعمال کرنے پر فوائد زیادہ نمایاں تھے، جو تقریباً چار بڑے سلائس ہول گرین بریڈ کے برابر بنتے ہیں۔

اس مقدار کے ساتھ بلڈ پریشر، ایل ڈی ایل (خراب) کولیسٹرول اور خون میں موجود نقصان دہ چکنائیوں میں زیادہ کمی دیکھی گئی۔

ماہرین کے مطابق خوراک میں ہول گرین غذاؤں کو شامل کرنا دل کی صحت بہتر رکھنے والی مجموعی غذائی عادات کا ایک حصہ ہو سکتا ہے۔