ایران کے دارالحکومت تہران میں رات کو آسمان پر نظر آنے والی پراسرار روشنیاں سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ویڈیوز میں تاریک آسمان پر کئی روشنیاں حرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ بعض صارفین نے اسے ڈرون قرار دیا تو کچھ کے خیال میں یہ ڈرونز کا گروپ، کوئی طیارہ یا ایل ای ڈی لائٹس سے بنی پتنگ بھی ہو سکتی ہے۔
یہ ویڈیوز 20 ستمبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئیں، جبکہ بعض اکاؤنٹس نے دعویٰ کیا کہ انہیں ایک روز قبل تہران میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ایک صارف نے مقام تہران کا علاقہ آزادگان بتایا۔
تاہم اب تک نہ تو ویڈیوز کے مقام کی آزادانہ تصدیق ہو سکی ہے اور نہ ہی آسمان میں نظر آنے والی چیز کی شناخت ہوئی ہے۔ ویڈیو میں ایسا کوئی واضح حوالہ بھی موجود نہیں جس کی مدد سے اس چیز کی جسامت، بلندی، فاصلہ یا رفتار کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پراسرار ویڈیوز ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب تہران میں 1976 کے مشہور فضائی واقعے کو تقریباً 50 سال مکمل ہو رہے ہیں۔
19 ستمبر 1976 کو تہران کے آسمان پر ایک روشن نامعلوم چیز دیکھے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کی تحقیقات کیلئے ایرانی F-4 لڑاکا طیارے بھی روانہ کیے گئے تھے۔
تاہم موجودہ ویڈیوز اور 1976 کے واقعے کے درمیان کسی قسم کے تعلق کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔ فی الحال اصل ویڈیو، مقام سے متعلق قابلِ اعتماد ڈیٹا یا کسی سرکاری وضاحت کی عدم موجودگی میں تہران کے آسمان پر نظر آنے والی ان پراسرار روشنیوں کی حقیقت ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔