انگلینڈ کیخلاف شاندار کارکردگی دکھانے والے رضا اللہ کے شاندار استقبال پر وسیم اکرم کی تنقید

انہوں نے کہا کہ ایسے رویے سے یہ تاثر ملتا ہے کہ پاکستان نے معمولی کامیابیوں پر اکتفا کرنا قبول کر لیا ہے


ویب ڈیسک September 21, 2026

سابق پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم نے انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ کے وطن واپسی پر ہونے والے شاندار استقبال پر تنقید کی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے 7 کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ہیڈ کوچ سرفراز احمد کو بھی عہدے سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسی دوران نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ کو پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کیا گیا۔

تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں ڈیبیو کرتے ہوئے رضا اللہ نے پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسری اننگز میں جارحانہ 81 رنز بنا کر پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شاندار کارکردگی کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر رضا اللہ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وسیم اکرم نے مانچسٹر میں ایک چیریٹی تقریب کے دوران اس استقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ نے پاکستان کو صرف شکست نہیں دی بلکہ بری طرح ہرایا، ایسے میں تقریباً 5 ہزار افراد کا کسی کھلاڑی کے استقبال کے لیے پہنچنا اور پھولوں کے ہار پہنانا ٹیم کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

وسیم اکرم نے رضا اللہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت ہیں اور قومی ٹیم کے لیے پہلے ہی میچ میں متاثر کن کھیل پیش کیا، تاہم انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک سیریز میں 3-0 سے شکست کے باوجود اس نوعیت کا جشن منانا درست رویہ ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے رویے سے یہ تاثر ملتا ہے کہ پاکستان نے معمولی کامیابیوں پر اکتفا کرنا قبول کر لیا ہے۔