وفاقی وزیر اطلاعات کا قومی پیغام امن کمیٹی کے ہمراہ درالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ

قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، عطا اللہ تارڑ


ویب ڈیسک September 22, 2026

پشاور:

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے درالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان اور رکن صوبائی اسمبلی جلال خان بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک آمد پر قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین، دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق حقانی، جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی، مولانا سید محمد یوسف شاہ اور دیگر اکابرین نے وفاقی وزیر اطلاعات کا استقبال کیا۔

اس موقع پر قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام بھی موجود تھے، قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین اور علماء کرام سے ملاقات میں قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملک میں امن و استحکام کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، قومی پیغام امن کمیٹی قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، وزارت اطلاعات و نشریات قومی پیغام امن کمیٹی کے ذریعے امن و استحکام کا پیغام عوام تک پہنچا رہی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے دارالعلوم حقانیہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین کو دارلعلوم کے مہتمم کی جانب سے دارالعلوم کے تعلیمی اور دینی خدمات کے حوالے سے اگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے دارلعلوم کے اندر تاریخی جامع مسجد عبدالحق کا بھی دورہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی، مولانا حامد الحق حقانی اور مولانا سمیع الحق شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے علماء کرام نے قیام امن اور قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اراکین قومی پیغام امن کمیٹی اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔