آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان پہنچ گیا، اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات

مذاکرات 25 ستمبر کو ہوں گے، کامیاب ہونے پر پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر تک ملنے کا امکان ہے


ارشاد انصاری September 22, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلیٹی پروگرام کی اگلی قسط پر اقتصادی جائزہ مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف کا مشن پاکستان پہنچ گیا، جائزہ مشن کی اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف جائزہ مشن نے کراچی میں اسٹیٹ بینک حکام سے مذاکرات کا آغاز کیا اور پہلے مرحلے میں اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ ٹیکنکل مذاکرات ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے اسٹیٹ بینک حکام مشن کو معاشی کارکردگی، زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، درآمدات اور فارن ایکسچینج پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر کو 17 ارب ڈالر سے زیادہ رکھنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے ٹیکنیکل مذاکرات میں کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے پر بھی بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق وفد کو براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایم ایف وفد کو یورو بانڈ کے کامیاب اجرا پر بھی بریف کیا گیا اور بیرون ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم کے حوالے سے بھی آگا ہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد مرکزی بینک سے مذاکرات کے بعد 25 ستمبر کو اسلام آباد کیلئے آئے گا، وفد صوبائی حکومتوں اور کاروباری برادری سے بھی بات چیت کرے گا۔ آئی ایم ایف سے اسٹرکچرل بینچ مارکس کے تحت اہداف پر بھی بات ہوگی پاکستان معاشی اصلاحات کے اہداف پر آئی ایم ایف سے مذاکرات کرے گا، مذاکرات میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر بھی بات چیت ہوگی۔

مذاکرات میں بجلی اور گیس کے شعبوں کے سرکلر ڈیٹ سے متعلق اہداف زیر بحث آئیں گے، مذاکرات کامیاب ہونے پر پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر تک ملنے کا امکان ہے۔

ای ایف ایف کی پانچویں قسط میں تقریباً ایک ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے عالمی مالیاتی فنڈ کی ٹیم کے ساتھ پاکستانی کام کے باضابطہ مذاکرات 28 ستمبر سے شروع ہوں گے، 28 ستمبر کو باضابطہ مذاکرات وزیرِ خزانہ کی امریکا سے واپسی کے بعد شروع ہوں گے جن میں خزانہ، نجکاری، وزارت توانائی اور ایف بی آر حکام سے مذاکرات کے دور ہوں گے۔