پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کے نئے مالکان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فضائی بیڑے میں اضافے اور آپریشنز بہتر بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2 بوئنگ 777 طیارے ویٹ لیز پر حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے، دونوں بوئنگ 777 طیارے یورپی ایئرلائن نارس اٹلانٹک سے 6 ماہ کی مدت کے لیے حاصل کیے جائیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی آئی اے بورڈ نے مزید 3 طیارے ڈرائی لیز پر حاصل کرنے کی بھی منظوری دی ہے، جس کے بعد قومی ایئرلائن کے فضائی بیڑے میں مزید اضافہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے حاصل کیے جانے والے بوئنگ طیاروں کو بالخصوص یورپ اور برطانیہ کے فضائی آپریشنز کے لیے استعمال کیا جائے گا، طیاروں کی دستیابی سے ان روٹس پر پروازوں کی تعداد اور آپریشنل صلاحیت میں اضافہ متوقع ہے۔
اجلاس میں پی آئی اے کے موجودہ طیاروں کی آپریشنل ضروریات بھی زیر غور آئیں، بورڈ کی جانب سے طیاروں کے لیے ضروری پرزہ جات کی خریداری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ طیاروں کو زیادہ سے زیادہ آپریشنل رکھا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ اجلاس میں پی آئی اے کے مالیاتی، آپریشنل اور دیگر اہم معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ ایئرلائن کی کارکردگی بہتر بنانے اور فضائی آپریشنز مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔