ڈنمارک سے بڑا دفاعی معاہدہ، امریکا گرین لینڈ میں 2 نئے فوجی اڈے قائم کرے گا

صدر ٹرمپ ماضی میں گرین لینڈ کو امریکی کنٹرول میں لینے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں


ویب ڈیسک September 23, 2026

نیویارک:

امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ نے نیا دفاعی معاہدہ طے کرلیا ہے جس کے تحت امریکا آرکٹک خطے میں واقع گرین لینڈ میں 2 نئے فوجی اڈے قائم کرسکے گا جبکہ معاہدے میں علاقے پر ڈنمارک کی خودمختاری کی بھی توثیق کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر دستخط سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا مناسب مقامات پر بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کے عمل کا فوری آغاز کرے گا۔

ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن نے معاہدے کو امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ سمیت یورپ اور نیٹو کے لیے بھی مفید قرار دیا جبکہ گرین لینڈ کے وزیراعظم جینس فریڈرک نیلسن نے اسے تینوں فریقوں کے لیے جیت قرار دیا۔

تینوں رہنماؤں کی جانب سے معاہدے پر دستخط کے بعد گرین لینڈ کے معاملے پر ایک سال سے زائد عرصے سے جاری کشیدگی میں کمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

گرین لینڈ کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں اسے امریکی کنٹرول میں لینے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔ ٹرمپ نے اس مؤقف کی وجہ امریکی قومی سلامتی، گرین لینڈ کی اسٹریٹجک دفاعی اہمیت اور معدنی وسائل کو قرار دیا تھا۔

امریکی صدر کے بیانات پر گرین لینڈ، ڈنمارک اور یورپی رہنماؤں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ایسے بیانات بحر اوقیانوس کے دونوں جانب تعلقات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور خطرناک کشیدگی کو جنم دے سکتے ہیں۔

نئے دفاعی معاہدے میں امریکی فوجی موجودگی کی توسیع کے ساتھ گرین لینڈ پر ڈنمارک کی خودمختاری کو برقرار رکھنے کی یقین دہانی بھی شامل ہے۔