ایران اور یوکرین جنگوں میں امن کی امید، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک ڈالر سے زائد گر گئیں

دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتیں دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں


ویب ڈیسک November 12, 2026

ایران اور یوکرین جنگوں کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں پیش رفت کی امید کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو گرینچ معیاری وقت کے مطابق صبح ایک بج کر 41 منٹ پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے ایک ڈالر 14 سینٹ، یعنی 1.2 فیصد کمی کے بعد 91 ڈالر 62 سینٹ فی بیرل پر آگئے۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی ایک ڈالر 4 سینٹ، یعنی 1.2 فیصد کم ہوکر 85 ڈالر 49 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق اس سے ایک روز قبل برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 1.4 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ اس سے پہلے دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتیں دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔

نسان سیکیورٹیز انویسٹمنٹ کے چیف اسٹریٹجسٹ ہیرویوکی کیکواکا کے مطابق منڈی میں قیمتوں میں کمی کی ایک وجہ یہ توقع ہے کہ پس پردہ کوششوں کے ذریعے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے امریکا اور چین کے سربراہی اجلاس سے پہلے ایران جنگ میں بڑے پیمانے پر شدت آنے کا امکان بھی کم دکھائی دے رہا ہے، جس سے تیل کی قیمتوں پر دباؤ پڑا ہے۔

ہیرویوکی کیکواکا کے مطابق آبنائے ہرمز کی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے، اس لیے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بہت زیادہ گراوٹ کا امکان محدود ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کا ایک اہم بحری راستہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی یا آمدورفت میں رکاوٹ عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی اور قیمتوں کو متاثر کرسکتی ہے۔