جرمنی میں امریکی ایف 16 طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ زخمی ہوگیا

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور اس بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں


ویب ڈیسک September 23, 2026

جرمنی میں امریکی فضائی اڈے اسپانگڈاہلیم کے قریب امریکی ایف 16 فائٹنگ فالکن لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا۔

امریکی فوج کے مطابق حادثے میں طیارے کا پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا، تاہم اسے طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔

امریکی فوج کے مطابق ایف 16 طیارہ 52ویں فائٹر ونگ سے وابستہ تھا اور منگل کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً ڈھائی بجے اسپانگڈاہلیم ایئر بیس پر یا اس کے قریبی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کارروائی شروع کردی۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور اس بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ امریکی فضائی اڈے کی جانب سے مزید معلومات تحقیقات میں پیش رفت کے بعد جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔

اسپانگڈاہلیم ایئر بیس جرمنی کے مغربی حصے میں واقع ہے اور یہاں امریکی فضائیہ کے ایف 16 طیاروں کا ایک اسکواڈرن تعینات ہے۔ یہ اڈہ یورپ اور دیگر علاقوں میں امریکی فضائیہ اور نیٹو کے مشنز کی معاونت بھی کرتا ہے۔

یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خطے میں امریکی فوجی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ تاہم دستیاب سرکاری معلومات میں اس حادثے کو کسی دشمن کارروائی سے منسلک نہیں کیا گیا اور اس کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔