ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے آنجہانی پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری پر مبنی کتاب منظرِ عام پر آگئی ہے، جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے دوران شیطان کو تین مرتبہ دیکھنے کے تجربات، چرچ کے اندر جنسی استحصال کے اسکینڈلز اور شادی شدہ مردوں کو پادری مقرر کرنے کی تجویز سمیت کئی اہم معاملات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کتاب کا عنوان ’دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس‘ ہے، جس میں پوپ فرانسس کے ذاتی خیالات، خدشات اور روحانی تجربات سے متعلق تحریریں شامل ہیں۔ کتاب کو کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز نے مرتب کیا ہے، جو ویٹیکن کے ادارے ’ڈیکاسٹری فار دی ڈوکٹرین آف دی فیتھ‘ کے سربراہ اور پوپ فرانسس کے قریبی معاون رہے ہیں۔
یہ کتاب دنیا کے 94 ممالک میں پانچ زبانوں میں شائع کی جا رہی ہے۔ اس میں 1992ء سے 2024ء تک کی ڈائری کے منتخب اقتباسات، نوٹس اور دستاویزات شامل ہیں۔ کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس نے اپریل 2025ء میں انتقال سے قبل اپنی ڈائری کے مندرجات عام کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم کتاب میں ان کی مکمل ڈائری شامل نہیں کی گئی۔
کتاب کے اہم حصوں میں جنوری 2021ء میں لکھی گئی ایک تحریر بھی شامل ہے، جس میں پوپ فرانسس نے شیطان کو تین مرتبہ دیکھنے کے اپنے تجربات بیان کیے ہیں۔
ڈائری کے شائع شدہ اقتباسات کے مطابق پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں بشپ تھے۔ انہوں نے لکھا کہ انہوں نے شیطان کو گاڑی کی کھڑکی سے دیکھا تھا۔ ان کے بقول اس کی آنکھیں انہیں آج بھی یاد ہیں، جو بیک وقت دھمکی آمیز اور پُرکشش تھیں۔
پوپ فرانسس نے دوسری مرتبہ شیطان کو دیکھنے کا واقعہ بھی ارجنٹائن میں پیش آنے کا ذکر کیا، تاہم اسے پہلے واقعے سے زیادہ شدید قرار دیا۔ ڈائری میں کلیسائی عہدیداروں کے جنسی استحصال کے اسکینڈل پر ان کے ردعمل کا ذکر بھی موجود ہے۔ ان کے مطابق جب انہیں اس معاملے کی سنگینی کا اندازہ ہوا تو انہیں جہنم کے دروازے دکھائی دیے۔
کتاب میں پوپ فرانسس کے دور میں ویٹیکن اور رومن کیوریا کے اندرونی اختلافات اور اہم فیصلوں کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔
کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس شادی شدہ مردوں کو پادری مقرر کرنے کی تجویز پر عمل درآمد کے خواہاں تھے، تاہم چرچ کے اندر اختلافات اور مزید کشیدگی پیدا ہونے کے خدشے کے باعث انہوں نے بالآخر اس معاملے کو آگے بڑھانے سے گریز کیا۔
کتاب میں شامل یہ تحریریں پوپ فرانسس کے روحانی تجربات، چرچ کے داخلی معاملات اور ان کے دور میں زیرِ غور رہنے والی اصلاحات سے متعلق اہم پہلو سامنے لاتی ہیں۔